سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کی پرچی صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوتا ہے۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ میں نےکبھی مری کے کسی جلسے میں اتنی خواتین نہیں دیکھیں ، مری والو! پہلی بار برفباری میں اتنا بڑا جلسہ ہوتے دیکھا ہے، کل جب مری آئے تو برفباری ہورہی تھی، مجھے پتہ چلا آج صبح سے لوگ یہاں آکر بیٹھے ہوئے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ مری پاکستان کا دل ہے اور نوازشریف کا بھی، اب مریم نواز کا بھی دل ہے، میں آپکی شکرگزار ہی نہیں مقروض بھی ہوگئی ہوں، مری پورے پاکستان کے سیاحوں کی میزبانی کرتا ہے، زبردست ترقی بھی مری کاحق ہے اور مل کر رہے گا، مری کی ترقی پر نوازشریف کا نام لکھا ہے، گزشتہ 5سالوں میں مری میں مختلف مافیاز کو لایا گیا، مری کے لوگوں نے مافیاز کو یہاں سےبھگانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مری والوں کی ساری مشکلات کو آسان کریں گے، جانتی ہوں مری میں گیس کا مسئلہ ہے، یہاں لکڑی جلانا پڑتی ہے، آپ نے نوازشریف کو موقع دیا تو مری کے گھر گھر میں گیس پہنچائیں گے، یہاں پہاڑوں پر گھر بنے ہوئے ہیں اور مریضوں کو مشکلات ہوتی ہیں، ہم علاج معالجے کی سہولیات گھروں تک پہنچائیں گے، ہم مری کو ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال دیں گے۔
مریم نواز نےمزید کہا کہ مری کے اندر کالج اور یونیورسٹی ہونی چاہیے تاکہ باہر نہ جانا پڑے، اللہ سب کو حادثا ت سے محفوظ کرے، گزشتہ حکومت میں لوگ یہاں موسم کی سختی کی وجہ سے مرتے رہے، بے حس حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔
ان کاکہنا تھا کہ نوازشریف نے کل کا جلسہ کینسل کیا اور بائی روڈ مری پہنچے ہیں، وقت کے حکمران کا فرض ہے اپنے عوام کی خدمت کرنا، اس الیکشن میں ان سے جواب مانگنا ہے کہ وہ کہاں تھے جب مری کے لوگ مررہے تھے۔
نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہاکہ نوازشریف آتا ہے تو مزدور کا چولہا جلتا ہے، 10سال کے بچے سے سوال پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ نوازشریف آتا ہے تو آٹا سستا ہوتا ہے، الیکشن دور نہیں 2روزباقی ہیں، شیر پر مہر لگاؤ اور پاکستان کو نوازدو، وعدہ ہے کہ مری نے شیر کو منتخب کیا تو سب سے زیادہ یہاں ترقی ہوگی۔