مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آصفہ بھٹو نے انتخانی مہم کے دوران سکھر گلوب چوک میں نکالی گئی ریلی کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر کام کریں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔
انہوں نے کہا کہ آج میری سالگرہ ہے، میری اس موقع پر ایک ہی خواہش ہےکہ آپ 8فروری کو تیر پر مہر لگا کر اسے کامیاب بنائیں، دوسری جماعتیں امیروں کو مزید امیر اور غریبوں کو غریب کرنا چاہتی ہیں۔
مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو وزراعظم بنے گا تو وہ آپ غریبوں کیلئے لڑے گا، ووٹ کی طاقت آپ کی ہے، آپ نے اس کا صحیح استعمال کرنا ہے، اگر آپ ووٹ کو صحیح استعمال کریں گے تو پاکستان مضبوط ہو گا۔
آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو بھی آپ کے حق کیلئے لڑتی تھیں،میری ماں کو شہید کیا گیا پھر ان کا مشن آصف زرداری نے شروع کیا، ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لاکھوں خواتین کی مدد کرر رہے ہیں ،ہماری جماعت غریبوں کے حقوق کیلئے لڑ رہی ہے۔