75 ملی میٹر کی بارش کے پانی کی صبح تک نکاسی خوش آیند ہے، بلاول بھٹو

پاکستان

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے میں 75 ملی میٹر کی بارش کے پانی کی صبح تک نکاسی خوش آیند ہے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ان کی ٹیم کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔

حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن میں چند دن رہتے ہیں، سب نے دن رات محنت کرنی ہے، حیدرآباد میں رہنے والوں کو سمجھانا ہے کہ مقابلہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ شیر کو روکیں،شیرکا شکار کریں تو تیر کو ووٹ دیں، آپ پیپلزپارٹی کو جتوائیں، میں اس شیر کا بندوبست کرلوں گا۔

بلاول بھٹو نےجلسے سے خطاب میں کہا کہ آپ کو ستارے کو ووٹ دینے کا کہا جائے تو ان کو کہیں کہ ستارے آسمان میں اچھے لگتے ہیں، آپ کوپتنگ کو ووٹ دینے کا کہا جائے تو ان کو کہیں پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے، اور آپ کو پتنگ کو ووٹ دینے کا کہا جائے تو ان کو کہیں ہم را سے پیسا لینے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے، آپ ان کو جواب دیں کہ ہم اس پتنگ کو کاٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی آزاد امیدوار کو ووٹ دینے کا کہا جائے تو ان کو کہیں ہم ووٹ ضائع نہیں کریں گے، شیرکا راستہ روکنا ہے،اور اگر کتاب پر مہر لگانے کا کہا جائے تو جواب دیں کہ مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مجھے حیدرآباد کی تمام سیٹیں چاہئیں، اس مرتبہ 8 فروری کو حیدرآباد میں تیروں کی بارش ہوگی،جیسے آپ نے پیپلزپارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں جتوایا میں آپ کا شکرگزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے جو مخالفین ہیں وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست جانتے ہیں، آپ نے ووٹ کی طاقت سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا ہے، وفاق میں بھی ایک اور جماعت اس ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر میں وفاقی حکومت سنبھالتا ہوں تو 10نکات پر عمل کروں گا،عوام کی آمدنی میں دگنا اضافہ کروں گا،عوام کو 30 لاکھ گھر بناکردوں گا خواتین کو مالکانہ حقوق دوں گا، عوام کو 300 یونٹ بجلی مفت سولر کے ذریعے دلواؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ میری والدہ اس دنیا میں نہیں رہیں، میں خواتین کی اپنی ماں کی طرح خدمت کرنا چاہتا ہوں،ہم بے نظیر انکم سپورٹ میں اضافہ کریں گے، خواتین کی خدمت کریں گے، جو ہمارے مزدور اور محنت کش ہیں ان کے لیے مزدور کارڈ لاؤں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے