متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگ آج بھی پانی خرید کر پیتے ہیں، لاہور اور کے پی کے والے چاہتے ہیں ان کا حال بھی سندھ کی طرح ہو تو وہ خود سوچ لیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ حیدر آباد نے ہمیشہ ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، کراچی کے عوام نے باغ جناح میں بتایا کہ وہ کہاں کھڑے ہیں، آج کے دن حیدر آباد بتائے گا کیا وہ وہیں کھڑا ہے جہاں ماضی میں کھڑا تھا، 8 فروری بعد میں آئے گا آج واضح ہو جائے گا، پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگے آج بھی میئر ان کا ہے مگر کام کیا ہو رہا ہے۔
انیس قائم خانی نے مزید کہا کہ پندرہ سال میں پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے، کبھی کہتے ہیں کہ کراچی سے اتنی سیٹیں لیں گے، حیدر آباد سے اتنی سیٹیں لیں گے، بلاول بھٹو زرداری لاہور میں بول رہے ہیں فلاں کر دیں گے یہ کر دیں گے، وہاں کے لوگ ان سے پوچھیں کہ سندھ میں کیا کام کیا ہے، ایم کیو ایم نے بائیکاٹ کیا تو پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کو کراچی میں مینڈیٹ ملا۔