پاکستان نے فلسطینیوں کی نسل کشی کے الزام کے تحت دائر مقدمے میں اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی سی جے کی جانب سے حکم امتناعی اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے، عدالت کے پاس اسرائیل کے خلاف کیس سننے کا دائرہ اختیار ہے۔
ترجمان نے کہا کہ آئی سی جے نے اسرائیل کو حکم دیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کے سلسلے میں فوری طور پر متعدد اقدامات اٹھائے، نسل کشی کنونشن کے ذریعے ممنوع کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’عالمی عدالت نے اسرائیل کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو درپیش زندگی کے ناگفتہ بہ حالات سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر درکار بنیادی خدمات اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے‘۔