بالی وڈ کی اداکارہ ایشا دیول کی اپنے شوہر سے 12 برس بعد علیحدگی ہوگئی۔ اس بارے میں اداکارہ ہیما مالنی نے بھی میڈیا کو جواب دینے سے گریز کیا۔ بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالینی کی صاحبزادی اداکارہ ایشا دیول اور ان کے شوہر بھرت تختانی نے شادی کے 12 سال علیحدگی کی تصدیق کی ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ایشا دیول اور ان کے شوہر بھرت تختانی کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔ تاہم اب ایشا دیول اور ان کے شوہر نے اپنی علیحدگی کے حوالے سے مشترکہ بیان جاری کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشا دیول اور بزنس مین بھرت تختانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم نے باہمی طور پر الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ہماری زندگیوں میں اس تبدیلی کے بعد، ہمارے لیے سب سے اہم اور اولین ترجیح ہمارے دونوں بچوں کی تربیت ہوگی۔
ایشا دیول اور بھرت تختانی نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم آپ کے شکرگزار ہوں گے اگر آپ ہماری پرائیوسی کا خیال رکھیں گے۔اس جوڑی نے اپنے مشترکہ بیان میں اپنی علیحدگی کی وجہ بیان نہیں کی جبکہ ہیما مالنی نے بھی بیٹی اور داماد کی علیحدگی پر میڈیا کو جواب دینے سے گریز کیا۔